اسلام آباد (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا اور پی ٹی ایم کی آئندہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ذرائع کے مطابق نواز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کی پی ڈی ایم میں دوبارہ شمولیت
کا معاملہ مولانا فضل الرحمان کے سپرد کر دیا۔۔ نواز شریف نے کہا کہ آپ پر پوری طرح اعتماد ہے ہم اب بھی پی ڈی ایم کو متحد دیکھنا چاہتے ہیں۔دونوں رہنماؤں نے اپیل کی کہ اپوزیشن جماعتیں ایک دوسرے پر تنقید سے گریز کریں۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اپوزیشن کو متحد رکھنے کے لیے پیپلز پارٹی سے رابطے میں ہوں۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والے ٹیلیفونک رابطے میں رمضان کے بعد تحریک، ضمنی الیکشن میں حکومت کی غیر مقبولیت پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان اور نواز شریف نے رمضان کے بعد حکومت مخالف تحریک کو تیز کرنے پر بھی تفصیلی مشاورت کی۔
ن لیگ کے تاحیات قائد کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی اپنے بیان کی وضاحت کر چکے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان نے کہا پی ڈی ایم کو متحد رکھنے کے لیے پیپلز پارٹی کی قیادت سے بھی رابطے میں ہوں۔ خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے پی ڈی ایم سے استعفوں کے بعد سے ہی مسلم لیگ ن اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے مابین رابطوں میں مزید تیزی آئی ہے۔یاد رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور اے این پی کی علیحدگی کے بعد رہنماؤں کو واٹس ایپ گروپ سے بھی نکال دیا گیا تھا ۔ گروپ ایڈمن احسن اقبال نے چار رہنماؤں کو واٹس ایپ گروپ سے بے دخل کیا۔ مسلم لیگ ن نے بھی پیپلز پارٹی کے خلاف سخت رویہ اپنانے کا فیصلہ کر لیا۔ مسلم لیگ ن نے بلاول بھٹو کی جانب سے نوٹس پھاڑنے کے عمل پر پارٹی رہنماؤں کو سخت ردعمل دینے کی ہدایت کر دی۔