لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم لاہور میں تاریخی جلسہ کرنے جا رہی ہے، پولیس کسی کی ذاتی نوکر نہیں سرکاری ملازمین ہیں اور عوام کی خدمت کے لیے ہیں، پولیس کی اعلیٰ قیادت خود کو سیاست میں استعمال نہ کرے کل کو حساب دینا پڑ سکتا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہماری لڑائی صرف ان سے ہے جنہوں نے آئینِ پاکستان کو توڑا، عوام کو مشکلات میں ڈالا ، اگر پاکستانی معیشت کو اوپر اُٹھانا ہے تو پھر آئین پر عملدرآمد لازمی بنانا ہوگا، عوام تیرہ دسمبر کو گھروں سے باہر نکلے، آئین کی حکمرانی کے لیے۔شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ جلسہ کرنا ہر کسی کا آئینی حق ہے، ملتان میں جو کچھ بھی ہوا وہ سب کے سامنے ہے، ملتان کے بعد اب لاہور میں بھی ورکروں کو حراساں کیا جارہا ہے، اگر پولیس نے زیادتیاں کی تو وقت آنے پر وہ بھی بھگتیں گے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پولیس والے ایک بات کو ذہن نشین کر لیں کہ وہ عمران خان یا پھر عثمان بُزدار کے ذاتی ملازم نہیں ہیں، افسران خود کو سیاست میں ملوث کریں گے تو پھر انہیں بھی حساب دینا پڑے گا، نیب کو استعمال کر کے بھی کچھ حاصل نہیں کیا جاسکا، عمران خان نے ارھائی سالوں میں کوئی اچھا کام نہیں کیا ۔