ریاض: سعودی عرب نے ماہِ شوّال 1442 ہجری کے چاند سے متعلق باضابطہ اعلان کردیا، جس کے مطابق مملکت اور خلیجی ممالک میں عیدالفطر 13 مئی کو منائی جائے گی۔عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں 29ویں روزے کو ماہِ شوّال کا چاند دیکھنے کے لیے سرکاری کمیٹی کے اراکین اور ماہرینِ فلکیات کی سُمیر اور تومیر کے مقامات پر اہم بیٹھک ہوئی۔
کمیٹی کو ملک بھر سے چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی، جس کے بعد مقامی وقت کے مطابق 7 بج کر 15 منٹ پر چاند کی رویت نہ ہونے کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔سعودی عرب سمیت تمام عرب ممالک میں چاند نظر نہ آنے کی صورت میں کل تیسواں روزہ رکھا جائے گا اور عید الفطر 13 مئی بروز جمعرات کو منائی جائے گی۔ مسجد الحرام اور مسجدِ نبوی ﷺ میں عید الفطر کی نماز کے اجتماعات کا انعقاد کرونا ایس او پیز کے ساتھ کیا جائے گا۔ حکومت نے کرونا پابندیوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔