اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک /نیوز ایجنسی)پشاور زلمی کے ہیڈکوچ ڈیرن سیمی پی ایس ایل کے لیے ابوظبی پہنچ گئے۔ابوظبی پہنچنے کے بعد ڈیرن سیمی نے کہا کہ پشاور زلمی بقیہ میچز کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ڈیرن سیمی نے مخصوص جوش و خروش کے ساتھ زلمی اور پی ایس ایل فینز کے لیے پیغام بھی دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ لمبا سفر کر کے آیا ہوں، اب پی ایس ایل کا انتظار ہے۔ ساتھ میں ڈیرن سیمی نے یہ بھی کہا
کہ پشاور زلمی ایونٹ کے بقیہ میچز کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ ویسٹ انڈیز کے سابق آل راؤنڈر ڈیرن سیمی نےانٹرویو دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ سابق پاکستانی فاسٹ بولر شعیب اختر نے انہیں یہ سوچنے پر مجبور کردیا کہ کیا وہ دوبارہ کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں؟۔ 37 سالہ ڈیرن سیمی نے بتایا کہ انہوں نے خود سے یہ سوال جب پوچھا جب ان کے ڈیبیو میچ میں شعیب اختر نے ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری سابق بلے باز
برائن لارا کو باؤنسر پر ڈھیر کردیا۔ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ جب میں نے چیمپئنز ٹرافی 2004ء میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے ڈیبیو کیا تو مجھے یاد ہے کہ پاکستان ہیمپشائر کے روز باؤل گرائونڈ میں ویسٹ انڈیز کے مدمقابل تھا اور وہ محمد سمیع ، وقار یونس اور شعیب اختر کے ساتھ کھیل رہے تھے۔ میں نے شعیب اختر کو برائن لارا کو سر پر بائونسر مارتے دیکھا، برائن لارا شاید تقریبا بیہوش ہوکر گر گئے تھے،
میں بیٹھا ہوا تھا اور میرے ساتھ ڈووین براوو بھی موجود تھے۔یہ دیکھ کرمیں نے خود سے سوال کیا کہ کیا میں دوبارہ کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں، شعیب اختر نے میرے ساتھ یہ کام کیا۔ سابق ویسٹ انڈین آل راؤنڈر نے مزید انکشاف کیا کہ انہوں نے یہ کہانی شعیب اختر کو کچھ دن پہلے ہی اسلام آباد میں سنائی تھی۔ ڈیرن سیمی نے کہا کہ میں شعیب اختر سے 4 دن پہلے اسلام آباد میں ملا تھا اور میں نے انہیں یہ
کہانی سنائی۔شعیب اختر نے کہا کہ برائن لارا نے انہیں پہلی گیند پر چوکا لگایا اور یہ ان کا جوابی وار تھا۔ ڈیرن سیمی نے کہا کہ بال اڑاتے راولپنڈی ایکسپریس کو بائولنگ کرتے دیکھ کر خوشی ہوتی تھی۔ ڈیرن سیمی نے کہا کہ اگرچہ میں اب کھیل نہیں رہا ہوں لیکن میں اب بھی پیڈ کرکے کسی بھی بائولر کو مارنے کے لیے تیار ہوں۔