نئی دہلی(این این آئی)بھارت کے معروف سابق ایتھلیٹ مِلکھا سنگھ 91 برس کی عمر میں کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق فلائنگ سکھ (لقب اس وقت کے پاکستانی صدر ایوب خان نے دیا تھا )کے نام سے مشہور مِلکھا سنگھ کا 20 مئی کو کووڈ ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد انہیں 24 مئی کو موہالی کے ایک اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہ ان کی اہلیہ نرمل کور بھی رواں ہفتے کے آغاز پر 85 سال کی عمر میں کورونا وائرس کے باعث دنیا سے رخصت ہوگئی تھیں۔ایشین گیمز میں 4 گولڈ
میڈلز جیتنے والے مِلکھا سنگھ 1958 میں کامن ویلتھ گیمز اور 1960 میں روم اولمپئن کے چیمپئن رہ چکے تھے۔یاد رہے کہ فلائنگ سکھ کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم ‘بھاگ مِلکھا بھاگ’ میں اداکار فرحان اختر نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔دوسری جانب بھارتی ٹینس اسٹار اور قومی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا بھارتی ایتھلیٹ ملکھا سنگھ کی موت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ثانیہ مرزا نے بھارتی ایتھلیٹ ملکھا سنگھ کی موت پر شدید دْکھ کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ مجھے ملکھا سنگھ سے ملنے کا اعزاز حاصل تھا اور اْنہوں نے مجھے کئی بار دْعائیں بھی دیں۔اْنہوں نے لکھا کہ ملکھا سنگھ نہایت ہی نیک اور خوش اخلاق انسان تھے۔ثانیہ مرزا نے لکھا کہ یہ دْنیا لیجنڈ ملکھا سنگھ کو بہت یاد کرے گی۔