اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پی ڈی ایم نے گزشتہ شب لاہور میں جلسہ کیا۔ پی ڈی ایم کی جانب سے اسے اب تک کا سب سے کامیاب جلسہ قرار دیا گیا جبکہ حکومتی نمائندوں نے مینار پاکستان کی خالی جگہوں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اسے ”جلسی”قرار دیا۔ تاہم جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مفتی کفایت اللہ نے جلسے میں شریک افراد کی تعداد کے حوالے سے حیران کن دعویٰ کر دیا ۔نجی ٹی وی پروگرام میں بات کرتے ہوئے مفتی کفایت اللہ نے کہا کہ اگر آپ مجھے اتنا کہہ رہے ہیں تو میں بتا دیتا ہوں کہ جلسے میں لوگوں
کی تعداد دس لاکھ سے زائد تھی۔ ہمارا یہی ٹارگٹ تھا کہ اتنے لوگ آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس جلسے کا مولانا خادم حسین رضوی کے جنازے سے موازنہ کرنے کی کیا ضرورت ہے ؟ آپ ہمارے الگ سے دس لاکھ لوگ گن لیں۔پی ڈی ایم کے جلسے میں کتنے لوگ شریک تھے؟ اس بارے میں نجی ٹی وی چینل نے پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ چار سے پانچ ہزار افراد جلسے میں موجود ہیں، سپیشل برانچ نے تین سے چار ہزار افراد کی شرکت رپورٹ کی ہے۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق جلسے کو تاریخ ساز بنانے کے پی ڈی ایم کے دعوے دھرے رہ گئے ہیں، مینار پاکستان کے میدان میں ہزاروں افراد کی گنجائش ہے لیکن گیارہ جماعتیں مل کر دس ہزار افراد بھی اکٹھے نہ کر سکیں۔ آزاد ذرائع نے جلسے کے شرکا کی تعداد چھ سے ساڑھے چھ ہزار بتائی ہے۔