کراچی (ویب ڈیسک)صوبہ سندھ کی وزیر برائے وومن ڈویلپمنٹ اور پیپلزپارٹی کی رہنما سیدہ شہلا رضا نے لاہور میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے کے بجائے تحریک لبیک پاکستان کے سابق سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ کی تصویر شیئر کردی۔شہلا رضا نے ٹوئٹ کی جس میں انہوں
نے دو تصویریں لگائیں جس میں ایک مینار پاکستان میں پی ڈی ایم جلسے اور دوسری علامہ خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ کی تصویر تھی۔دوسری تصویر میں مینار پاکستان مکمل طور پر بھرا ہوا ہے اور اس پوسٹ میں لکھا کہ یہ ایک گھنٹہ قبل کے جلسہ گاہ کے مناظر ہیں اور سلیکٹڈ کو اندازہ ہوگیا تھا، جب ہی مستقبل کی مصروفیات ڈھونڈ لی اور دھوپ میں بیٹھ کر وقت گزارا۔شہلا رضا نے وزیراعظم عمران خان کی اتوار کی مصروفیات پر طنز کیا تھا۔
بعدازاں سوشل میڈیا صارفین نے غلط تصویر لگانے پر شہلا رضا پر تنقید کی ۔ایک صارف نے نشاندہی کرتے ہوئے لکھا کہ آپ نے فیک تصویر شیئر کردی ہے اور یہ تصویر خادم حسین رضوی کے جنازے کی ہے۔اس پر شہلا رضا نے وضاحت کی کہ یہ تصویر سوشل میڈیا سے ہی لی تھی لیکن اس کا مجھے نہیں پتا تھا کیونکہ میں کراچی میں ہوں۔بعدازاں شہلا رضا نے سینیٹر شیری رحمان کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کیا جس میں انہوں نے جلسے کی ویڈیو لگائی ہوئی تھی، اس پر انہوں نے لکھا کہ لاہور میں بھی حکومتی، تعزیے، ٹھنڈے ہوگئے۔