عالمی وباء کورونا وائرس کی وجہ سے سے بچوں میں نمونیا اور ہیضہ پھیلنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ، نیا کورونا تھریٹ جاری کردیا گیا ، سرکاری محکموں نے امراض سے بچانے کیلئے سفارشات تیار کرلیں۔ تفصیلات کے مطابق ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ عالمی وباء کورونا وائرس کی وجہ سے چھوٹے بچوں میں
ہیضہ اور نمونیا پھیلنے کا خدشہ ہے ، جس کے باعث صوبہ پنجاب کے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ میں قائم نیوٹریشن سیل نے کورونا وبا میں بچوں کو ان خطرناک امراض سے بچانے کے حوالے سے سفارشات مرتب کرتے ہوئے ماہانہ بنیادوں پر ہیضہ اور نمونیا سے بچنے کے اقدامات کا جائزہ لینے کی ہدایت جاری کردیں۔ بتایا گیا ہے کہ صوبہ پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں 30 جنوری تک صابن اور ہاتھ دھونے کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی گئی جب کہ محکمہ صحت پنجاب کو 30 مارچ 2021 ء تک صوبے کے تمام طبی مراکز پر میکنزم فعال کرنے کا حکم بھی جاری کیا گیا۔ دوسری جانب پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر نے مزید شدت
اختیار کرلی جہاں عالمی وباء کے باعث صرف ایک دن میں 111 افراد لقمہ اجل بن گئے ، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 2 ہزار 256 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ اس حوالے سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر این سی او سی کی طرف سے جاری کیے گئے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی کل تعداد 9 ہزار 668 تک جا پہنچی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان میں سب سے زیادہ اموات صوبہ پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 3 ہزار 783 افراد جان بحق ہوچکے ہیں ، صوبہ سندھ میں یہ تعداد 3 ہزار 419 بتائی گئی جب کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 577 جان کی بازی ہار گئے ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 398 جب کہ گلگت بلتستان میں 99 افراد لقمہ اجل بن گئے ، صوبہ بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 181 اور آزاد کشمیر میں 211 بتائی گئی ہے۔