اسلام آباد(ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے 2 ارکان اسمبلی کے استعفوں میں نیا موڑ ، (ن) لیگی اراکین اسمبلی نے تصدیق کے لیے بلائے جانے پر آنے سے انکار کردیا تو اسپیکر قومی اسمبلی نے دونوں (ن) لیگی اراکین کے استعفوں کا آڈٹ کرانے کا عندیہ دیدیا ہے ۔ بدھ کو صحافیوں سے
گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی نے بدھ کو سیکرٹری قو می اسمبلی سے ملاقات کی ہے، مرتضی جاوید عباسی اور محمد سجاد نے استعفوں کی تصدیق سے انکار کیا ہے اور بتایا کہ یہ استعفے ہم نے نہیں بھجوائے اور جعلی ہیں کیونکہ ہم نے اپنے استعفے اعلیٰ قیادت کو بھجوائے ہیں ۔ اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ (آج)جمعرات کو دونوں ارکان اسمبلی کے استعفوں سے متعلق رائے دونگا، معاملے پر قانونی پہلو کا جائزہ لیکر فیصلہ کرینگے۔واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے دو اراکین اسمبلی مرتضی جاوید عباسی اور محمد سجاد کے استعفے اسپیکر قومی اسمبلی کو موصول ہوئے تھے، جس پرا سپیکر قومی اسمبلی نے انہیں تصدیق کے لیے طلب کیا تھا ۔