کراچی (ویب ڈیسک) پی ڈی ایم ، استعفے دینے یا نہ دینے اور سینیٹ و ضمنی الیکشن میں حصہ لینے یا نہ لینے کے معاملے پر آصف زرداری کے بیان نے ملکی سیاست میں نئی بحث چھیڑ دی ، نجی ٹی وی جیو نیوز کے ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ابھی دھوکا نہیں دیا ہے لیکن اس کا امکان ہے،تحریک انصاف سمیت ہر سویلین حکومت کو پانچ سال پورے کرنے چاہئیں۔
منیب فاروق کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے اعلامیہ اور اعلان لاہور دیکھیں تو ایسا نہیں لگتا کہ پیپلز پارٹی کسی نکتہ کی خلاف ورزی کررہی ہے، پیپلز پارٹی نے درست بات کی ہے کہ ایوان میں ہوں گے تب ہی تحریک عدم اعتماد لاسکیں گے، یہ تاثر زور پکڑ رہا ہے کہ پیپلز پارٹی سرا نہیں لگائے گی اور بیچ میں ہی ن لیگ اور جے یو آئی ف کو چھوڑ دے گی، پیپلز پارٹی نے ابھی دھوکا نہیں دیا ہے لیکن اس کا امکان ہے۔ اپنے تجزیہ میں ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن پہلے دن سے ایک دوسرے کو دھوکے دے رہی ہے، بلاول بھٹو جمہوریت کی بالادستی کو لے کر پیچھے چلے گئے ہیں اور آصف زرداری آگے آگئے ہیں، پیپلز پارٹی سندھ میں حکومت کے مز ے لے رہی ہے اتنی بیوقوف نہیں کہ ن لیگ اور مولانا فضل الرحمٰن کیلئے سسٹم کو بریک ڈاؤن کرے گی۔ محمل سرفراز نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے نظام میں اسٹیک ہیں وہ استعفے دیتے ہوئے کئی بار سوچے گی۔