اسلام آباد (ویب ڈیسک) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور (ن) لیگ کی نائب صدر مریم نواز کی ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا ۔ ملاقات میں میاں نواز شریف نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی ۔مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی سے مثبت رویہ سامنے آیا، مریم نواز کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے اچھی باتیں کی ہیں، فیصلہ کل پی ڈی ایم کی مشاورت سے ہوگا۔
ن لیگ اور جے یو آئی (ف) نے اس بات پر اتفاق کیا کہ یکم جنوری کو پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں بلاول بھٹو زر داری کو سنیں گے جسکے بعد مشترکہ فیصلے کئے جائینگے ، بلاول کو سنے بغیر قیاس آرائی کر نا مناسب نہیں۔ مریم نواز نے بلاول بھٹو زرداری کی اس بات پر خراج تحسین پیش کیا جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ہم اپنی تجاویز پی ڈی ایم کے سامنے رکھیں گے ،میرے خیال میں مثبت قسم کا رویہ سامنے آیا ہے ، اسی کو آگے لیکر پی ڈی ایم کاسربراہی اجلاس ہوگا اور حتمی فیصلہ ہونگے اور آگے کا مستقبل اس حوالے سے طے کیا جائیگا۔ایک صحافی کے سوال پر مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہا کہ ہم سب اکٹھے ہیں، تضاد کی بات نہ کی جائے، میں کچھ مصروفیت کے باعث گڑھی خدا بخش نہیں جا سکا۔ صحافی نے سوال کیا کہ مولانا شیرانی نے نئی جماعت بنالی ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ مجھے نہیں پتہ کون سی جماعت بنی ہے۔