مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے لیے پہنچ گئی ہیں۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان اہم ملاقات شروع ہوگئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مریم نواز کو آج نواز شریف کی جانب سے ہدایت کی گئی تھی کہ
مولانا فضل الرحمان سے مل کر حکومت مخالف تحریک کو مضبوط کیا جائے نیز خواجہ آصف کی گرفتاری کے حوالے سے بھی پی ڈی ایم اجلاس میں لائحہ عمل طے کیے جانے پر بات کی جائے۔ اس حوالے سے مریم نواز اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں خواجہ آصف کی گرفتاری، استعفوں، سینیٹ الیکشن، پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت ہوگی۔
مولانا سے ملاقات کے لیے مریم نواز پی ڈی ایم اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچی ہیں۔مریم نواز کی سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان سے ملاقات شروع ہوگئی ہے جس میں احسن اقبال، رانا ثناء اللہ، پرویز رشید، خرم دستگیر، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور مریم اورنگزیب بھی شریک ہیں۔ یاد رہے کہ اپوزیشن اتحاد کا اہم سربراہی اجلاس یکم جنوری کو سابق وزیراعظم نواز شریف کی رہائش گاہ جاتی عمرہ میں ہوگا۔