اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) پی پی کے سینئر رہنماء اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سامنے اپوزیشن جماعتوں کے جلسے کو دیکھ کر مایوسی ہوئی، جلسوں میں لوگ کیوں نہیں آرہے، نہ پولیس نے کسی کو روکا، نہ راستے بلاک کیے گئے اور نہ ہی کوئی لاٹھی چارج کے لیے ڈنڈا بردار فورس کا سہارہ لیا گیا لیکن حکومتی رکاوٹیں نہ ہونے کے باوجود لوگوں نے جلسوں میں شرکت کیوں نہیں کی؟ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن کا کہنا تھا
کہ مولانا فضل الرحمان کی حکمت عملی کسی سیاسی خود کشی کا تاثر دے رہی ہے، میرے خیال میں پی ڈیم ایم لوگوں کو متحرک کرنے میں ناکام رہی، عُمر کوٹ میں جو جے ڈی اے کے امیدورا کو پیپلز پارٹی کے امیدوار نے شکست دی وہ ایک بہت بڑی بات ہے۔فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ اگر آئین کے آرٹیکل 17 کو دیکھیں تو پھر حکومت تو کیا پارٹی بھی ختم نہیں ہوسکتی، الیکشن کمیشن کے پاس صرف یہ اختیار ہے کہ وہ فنڈننگ کو ضبط کر سکتا ہے جب کہ اگر کسی پارٹی کو کالعدم قرار دیا جائے تو وہ دوسرے نام سے آجاتی ہے، اگر ایسے پارٹیاں تحلیل ہونے لگیں تو پھر کوئی بھی سیاسی جماعت باقی نہیں رہے گی۔