اسلام آباد (ویب ڈیسک)مسلم لیگ (ن ) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)سینیٹ الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی، وقت آنے پر استعفے بھی دینگے ، لانگ مارچ بھی ہوگا۔بلاول بھٹو تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کی تجویز پی ڈی ایم کے اجلاس میں لائینگے تو غور کیا جائیگا، حکومت اپوزیشن کی جس طرح منتیں کررہی ہے، حکومتی وفد سے بات چیت کی تفصیل بتادی تو سب حیران رہ جائینگے۔
سینیٹ میں عدم اعتماد کی تحریک 2018 کے الیکشن کی طرح چوری ہوگئی تھی، حکومت اپوزیشن کے بجائے اپنے اراکین کی فکر کرے ، ظلم کے باوجود پارٹی قائد کے بیانیہ کیساتھ کھڑی ہے،مسلم لیگ (ن) محفوظ ہے، مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ کیلئے سارا پاکستان اپلائی کریگا۔ ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ لوگ مسلم لیگ (ن) اور ان کے لوگوں سے چاہے کتنے بھی رابطے کرلیں، اب ان کو اپنی پڑگئی ہے، مسلم لیگ (ن) محفوظ ہے اس لیے ان کو زیادہ توجہ اپنے اراکین پر دینی چاہیے۔ دوران گفتگو مریم نواز نے کہا کہ استعفے ضرور دیں گے اور اس پر اتفاق رائے ہوگا، 10، 11 جماعتیں ہیں اور سب کی اپنی اپنی رائے ہوتی ہے تاہم جس وقت پی ڈی ایم سمجھے گی کہ یہ وقت استعفے دینے لیے مناسب ہے اس وقت اس پر عمل کریں گے تاہم ہم کسی کے کہنے یا دباؤ میں آکر فیصلہ نہیں لیں گے۔
پی ڈی ایم کے لانگ مارچ سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ پی ڈی ایم فیصلہ کرے گی تاہم جلد ہی متوقع ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے، پارلیمان میں اپنا بھرپور کرداد ادا کرتے رہیں گے ،حکومت کو قومی اور عوامی ایشوز پر ٹف ٹائم دیا جائے، استعفوں کا فیصلہ پی ڈی ایم کریگی، پی ڈی این کا فیصلہ تمام جماعتیں تسلیم کریں گی ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت سے اب کوئی بات نہیں ہو سکتی، ن لیگی ارکان ثابت قدم پر شاباشی کے مستحق ہیں ،ن لیگ کے شیروں کو کوئی ڈرا نہیں سکتا ۔