اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کو سینیٹ الیکشن پر پنجاب میں کمیٹی چئیرمین بنانے کا مطالبہ کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا،عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں جہانگیر ترین کا بھی تذکرہ ہوا۔راجہ ریاض جہانگیر ترین کی حمایت میں سامنے آ گئے۔
انہوں نے تجویز پیش کی کہ سینیٹ الیکشن پر پنجاب میں کمیٹی چئیرمین جہانگیر ترین کو بنایا جائے۔چوہدری سرور،شاہ محمود قریشی ، عامر کیانی، اعجاز چوہدری کو شامل کیا جائے۔خیال رہے کہ آٹا اور چینی بحران رپورٹ میں جہانگیر ترین کا نام آنے کے بعد سے ان کے اور عمران خان میں تلخی کی خبریں گردش کر رہی ہیں جبکہ جہانگیر ترین خود اس بات کا اعتراف کر چکے ہیں کہ ان کے اور عمران خان کے تعلقا ت میں خرابی آئی ہے۔اس کے علاوہ ایک نجی ٹی وی چینل میں گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین اس بات کا بھی اعلان کر چکے ہیں کہ اب سے وہ سیاسی طور پر سرگرم نظر نہیں آئیں گے۔ اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ میں اب بس اپنے کاروبار اور اپنی فیملی کی طرح متوجہ ہو جاؤں گا۔ سیاسی طور پر اب میں سرگرم نہیں ہو ں گا۔ جبکہ دوسری جانب صحافیوں کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ عمران خان او ر جہانگیر ترین کے درمیان رابطے کروانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
جہانگیر ترین نے کچھ عرصہ لندن میں بھی قیام کیا۔ جہانگیر ترین کی وطن واپسی کے بعد سیاسی میدان میں ایک نیا بھونچال آگیا تھا۔کہا جا رہا ہے کہ یقیناََ جہانگیر ترین کی وطن واپسی کے پیچھے کوئی مقصد چھپا ہے۔گزشتہ کچھ مہینوں میں پاکستان تحریک انصاف خصوصا وزیراعظم عمران خان اور جہانگیر ترین کے مابین اختلافات کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں۔بتایا جا رہا تھا کہ دونوں میں تعلقات اب پہلے جیسے نہیں ہیں۔جہانگیر ترین عمران خان کے انتہائی قریبی ساتھیوں میں سے ہیں تاہم پی ٹی آئی کی حکومت میں میں شوگر انکوائری کمیشن کے بعد دونوں کے مابین اختلافات پیدا ہونے کی خبریں سامنے آئیں۔جہانگیر ترین کی سات ماہ بعد پاکستان واپسی یقینا کسی مقصد کے تحت ہوئی ہے۔