لاہور(نیوز ڈیسک ) رنا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ شریف برادران کی والدہ کی نمازِ جنازہ پڑھانے کے لیے جامعہ نعیمیہ کے مہتمم مولانا راغب نعیمی کا نام زیر غور ہے کیونکہ مولانا طارق جمیل تو زیادہ تر اسلام آباد میں وزیر اعظم ہاؤس میں پائے جاتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ آج بیگم شمیم اختر کی نمازِ جنازہ لند ن میں ادا کی جائے گی، پاکستان میں جنازہ پڑھانے کے لیے راغب نعیمی کا نام زیر غور ہے۔ مولانا طارق جمیل کا نام اس لیے سکپ کیا جارہا ہے کیونکہ وہ زیادہ تر تو اسلام آباد میں موجود وزیر اعظم ہاؤس میں پائے جاتے ہیں۔خیال رہے کہ بیگم شمیم اختر کی نمازِ جنازہ لندن میں ادا کی جائے گی جس میں نواز شریف انکے صاحبزادوں کے علاوہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور انکے بیٹے بھی مسجد میں پہنچ چکے ہیں۔یہاں پر یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ اس سے قبل شریف خاندان میں ہونے والی موت کے بعد نمازِ جنازہ کے لیے مولانا طارق جمیل کا نام ہی لیا جاتا تھا، عمران خان کی حکومت بننے کے بعد جب بیگم کلثوم نواز لندن میں انتقال کر گئیں تھی تو انکی نمازِ جنازہ بھی مولانا طارق جمیل نے ہی پڑھائی تھی۔