سنگاپور (مانیٹرنگ + این این آئی)یوم کشمیر کے موقع پر بھارت کی پاکستان کے ہاتھوں شرمناک شکست، پاکستان نے بھارت کو ہرا کر ایم ایم اے چیمپئن شپ فائٹ اپنے نام کر لی۔روایتی حریفوں کے درمیان یوم کشمیر سے دو روز قبل اس مقابلے مسکڈ مارشل آرٹ کا اعلان کیا گیا تھا۔پاکستانی فائٹر احمد مجتبیٰ نے پہلی مرتبہ سنگاپور میں چیمپیئن
شپ کی فائٹ لڑنے کا اعلان کیا، ان کے مدمقابل بھارت کے راہول راجو تھے، پاکستانی فائٹر کے ایک ہی مکے نے بھارتی فائٹر کو ڈھیر کر دیا، بھارتی فائٹر پاکستانی کھلاڑی کا ایک مکہ بھی برداشت نہ کر پایا، یہ مقابلہ پاکستانی کھلاڑی نے صرف 56 سیکنڈ میں جیت لیا، احمد مجتبیٰ نے اپنی جیت کو کشمیریوں کے نام کر دیا۔ دوسری جانب پاکستان کے سابق انٹر نیشنل باکسرزملک میں باکسنگ کے کھیل کو تباہی سے بچانے اور باکسنگ کی پروموشن کیلئے میدان میں آگئے۔ باکسنگ کے کھیل میں پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کرنے والے سابق پاکستانی انٹرنیشنل باکسرز نے ملک میں موجود بے پناہ صلاحیتوں کے حامل باکسرز کے ٹیلنٹ کو زنگ آلود ہونے سے بچانے اور کلب باکسنگ کو فعال کرنے سمیت باکسنگ کے کھیل کو گراس روٹ لیول سے فروغ دینے کیلئے ایک تنظیم ”پاکستان پریمئر باکسنگ“ تشکیل دی ہے۔
سابق پاکستانی انٹرنیشنل باکسرز کے اجلاس میں سابق انٹرنیشنل باکسر امجد علی کو پاکستان پریمئیر باکسنگ کا چیئرمین، سابق انٹرنیشنل باکسرفیضی خان کو صدر، سابق انٹرنیشنل باکسرصیغم مثیل کوجنرل سیکرٹری اورسابق انٹرنیشنل باکسرشاہد منصور کو فنا نس سیکرٹری منتخب کیا گیا۔دیگر عہدیداروں میں شاہدالحق (اسلام آباد)،رانا مجاہد،احمد ناصر (پنجاب)،کمانڈر(ر)محمد علی،صابر بلوچ(سندھ) سینئر نائب صدور،طارق میر،انعام اللہ خان غازی نائب صدورمنتخب ہوئے۔ بلوچستان اور خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے سینئر نائب صدرو سمیت ایگزیکٹیو کونسل ارکین کے ناموں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ پاکستان پریمئر باکسنگ کے اجلاس میں میڈیکل کمیشن اور ریفری ججز کمیشن بھی تشکیل دیئے گئے۔