وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے دعویٰ کیا ہے کہ این اے 75 ڈسکہ میں 7000 ووٹوں سے ضمنی الیکشن جیت لیا۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ این اے 75 ڈسکہ
سے موصول ہونے والے نتائج بتا رہے ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف نے ضمنی الیکشن 7000ووٹو سے جیت لیا ، جب کہ ماضی میں ہماری جماعت اس حلقہ میں 30000 ووٹوں کے فرق سے انتخاب ہار گئی تھی۔ یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی انتخاب کا غیر حتمی سرکاری نتیجہ روک لیا جب کہ پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کے فتح کے دعوے کررہے ہیں ، نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ روز ڈسکہ سے قومی اسمبلی کے نشست این اے
75 پر ضمنی انتخاب ہوا تھا ، حلقے میں تحریک انصاف کے علی اسجد ملہی اور ن لیگی امیدوار سیدہ نوشین افتخار کے درمیان کانٹے کا مقابلہ تھا ، 20 پولنگ اسیٹشنز کا عملہ نتائج کے ہمراہ ریٹرننگ افسر کے پاس نہیں پہنچ سکا تھا جس کی وجہ سے رات گئے تک مکمل نتائج سامنے نہیں آ سکے تھے۔
بتایا گیا کہ دونوں جماعتوں نے اپنے اپنے امیدوار کی کامیابی کے دعوے کیے ، جب کہ ریٹرننگ افسر نے حلقے کا غیر سرکاری حتمی نتیجہ روک دیا ، الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق لا پتہ ہونے والے پولنگ اسٹیشنز کا عملہ ڈی آر او آفس
سیالکوٹ پہنچ گیا تاہم ریکارڈ ٹیمپر لایا گیا ، پولیس کسی قسم کا تحفظ دینے کے لیے تیار نہیں ہو رہی ، ڈی پی او فون سن رہے ہیں لیکن پولیس کو ایکشن کی کوئی ہدایات نہیں دے رہے۔