راولپنڈی(ویب ڈیسک) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے متحدہ عرب امارات (یواےای) کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل حماد محمد سے ملاقات کی ہے۔ انسداددہشتگردی،باہمی تعاون ، سکیورٹی کے معاملات ، مقبوضہ کشمیر اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نےعالمی دفاعی نمائش اورمیری ٹائم سکیورٹی کا دورہ کیاہے۔ جنرل ندیم رضا نے نمائش میں پاکستانی سٹالز کا دورہ بھی کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے یواے ای کے تینوں مسلح افواج کے سربراہان سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں انسداد دہشت گردی ، باہمی تعاون اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقاتوں میں کشمیراورافغانستان کی صورتحال پربھی غورکیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا دو روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے دورے پرہیں۔