اسلام آباد (ویب ڈیسک) اینکر پرسن مہر بخاری کا کہنا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کی جانب سے ووٹ خریدنے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد ’ووٹ کو عزت دو‘ کا بیانیہ اپنانے والی ن لیگ کیلئے بڑی مشکل صورتحال بن گئی ہے۔
اپنے ایک ٹویٹ میں مہر بخاری نے کہا کہ علی حیدر گیلانی کی اپنے والد کے الیکشن کیلئے ووٹوں کی خریداری کے چار پہلو بنتے ہیں۔ پہلا تو یہ کہ یوسف رضا گیلانی خود سامنے آئیں اور جتنا جلدی ممکن ہوسکے اپنا موقف پیش کریں۔ دوسرا یہ کہ اب الیکشن کمیشن کو جاگ جانا چاہیے۔ مہر بخاری کے مطابق اس ویڈیو سے ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ اپنانے والی ن لیگ انتہائی مشکل صورتحال سے دوچار ہوگئی ہے۔ یہ ویڈیو سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی نا اہلی کا سبب بھی بن سکتی ہے۔
خیال رہے کہ یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں وہ پی ٹی آئی ایم این اے سے سینیٹ الیکشن کیلئے ووٹ کا سودا کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ علی حیدر گیلانی پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی کو ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بھی بتا رہے ہیں۔