لندن(ویب ڈیسک) جوان مردوں میں خصیوں کا کینسرعام پایا جاتا ہے۔ لاک ڈاﺅن کے ان دنوں میں جب لوگ گھروں میں قید ہیں اور ٹیسٹ نہیں کروا سکتے، برطانیہ کے ایک معروف ڈاکٹر نے گھر بیٹھے ہی یہ معلوم کرنے کا طریقہ بتا دیا ہے کہ آپ کو اس قسم کا کینسر ہے یا نہیں۔ڈیلی سٹار کےمطابق ڈاکٹر عبدالعزیز نامی اس ماہر کا کہنا ہے کہ خصیوں کا کینسر زیادہ خطرناک نہیں ہوتا اور یہ کینسر کی ان اقسام میں سے ایک ہے جن کا کافی مو¿ثر علاج موجود ہے تاہم اگر تشخیص بروقت نہ ہو اور کینسر زیادہ سنگین ہو چکا ہو تو یہ خطرناک بھی ثابت ہو سکتا ہے۔
چنانچہ اس کی بروقت تشخیص اور علاج ناگزیر ہے۔ڈاکٹر عبدالعزیز نے بتایا کہ گھر میں اس کینسر کی تشخیص کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ
پہلے آپ گرم پانی سے نہائیں اور جسم خشک ہونے دیں۔ پھر پرسکون پوزیشن میں کھڑے ہو جائیں اور اپنے ایک ہاتھ سے خصیوں کو اٹھا کر ان کا وزن محسوس کرنے کی کوشش کریں۔اس حوالے سے آپ کو نارمل حالت میں اپنے جسم کے اس پوشیدہ حصے کے وزن کا اندازہ ہونا چاہیے۔ اگر آپ کو وزن بڑھا ہوا محسوس ہو تو سمجھ لیں کہ کچھ خطرہ ہے اورفوری ٹیسٹ کروائیں۔ وزن جانچنے کے ساتھ ٹٹول کر یہ بھی دیکھیں کہ ان کے اندر کوئی اضافہ لوتھڑا یا اور کوئی تبدیلی تو نہیں آئی۔ دونوں خصیوں کا سائز بھی لگ بھگ ایک جیسا ہونا چاہیے۔ آپ کو اس طریقے میں جن چیزوں کو محسوس کرنا ہے ان میں خصیوں کا وزن، کسی اضافی لوتھڑے یا گلٹی وغیرہ کا ہونا، ایک خصیے کا غیرمعمولی طور پر دوسرے سے بڑا ہونا، سوجن ہونا اور چھونے پر حساسیت یا تکلیف ہونا جیسی چیزیں شامل ہیں۔اگر ایسی کوئی صورت ہوتو آپ کو جلد از جلد چیک اپ کے لیے ڈاکٹر کے پاس جانا چاہیے۔