ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک) اپوزیشن کا ملتان میں جلسہ، ضلعی انتظامیہ نےآ صفہ بھٹو زرداری ، مریم نواز اور مولانا فضل الرحمان سمیت بڑے رہنماؤں کو نظر بند کرنے کی اجازت طلب کر لی۔تفصیلات کے مطابق یہ انکشاف کیا گیا سینئر صحافی و تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود کی جانب سے۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہد مسعود کا کہنا تھا کہ ملتان کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے حکومت پنجاب سے رابطہ کیا گیا ہے۔
اس رابطے کا مقصد ایک ہی تھا کہ کسی طرح پنجاب حکومت ضلعی انتظامیہ کو اجازت دے دے کہ وہ پی ڈی ایم کی لیڈر شپ کو نظر بند کر دیں، جیسے ہی ضلعی حکومت نے یہ اجازت مانگی تو وزیر اعلیٰ ہاؤس کی جانب سے وزیر اعظم ہاؤس میں رابطہ کیا گیا اور اس معا ملے پر مشاورت کی گئی۔ڈاکٹر شاہد مسعود کا مزید کہنا تھا کہ حساس اداروں نے رپورٹ جاری کی ہے کہ اگر پی ڈی ایم کی لیڈر شپ کو نظر بند نہ کیا گیا تو انکی جانوں کو خطرہ ہوسکتا ہے، اس سے پہلے جو اپوزیشن اتحاد کی جانب سے ملتان جلسے کے لیے اجازت مانگی گئی تھی وہ پنجاب حکومت کی جانب سے مسترد کر دی گئی تھی۔ڈپٹی کمشنر ملتان کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے عوامی اجتماعات پر پابندی عائد ہے اور اس طرح کے اجتماعات سے کورونا وائرس کے پھیلنے کا خدشہ ہے، یہی وجہ ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی جلسہ کرنے کی درخواست کو مسترد کر دیا گیا ہے۔