ایک ایسا ملک کہ جہاں لوگ موٹر سائیکل چلاتے ہوئے بھی ہیلمٹ پہننا پسند نہیں کرتے وہاں ایک صاحب ویگن چلاتے ہوئے بھی ہیلمٹ پہنے رہتے ہیں، ہے نا حیرت کی بات؟ یہ بھارتی نوجوان وشنو شرما ہیں جنہیں کئی دنوں سے ہیلمٹ پہن کر ویگن چلاتے ہوئے دیکھا جا رہا ہے۔ دراصل اس کے ساتھ ایک ایسا واقعہ پیش آ گیا ہے کہ اب یہہیلمٹ اتارنے پر تیار نہیں ہو رہا۔ ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ
کے مطابق وشنو کا ایک پولیس اہلکار نے اس وقت ہیلمٹ نا پہننے کے جرم میں 200 روپے کا چالان کر دیا جب وہ اپنی ویگن میں جا رہے تھے۔ وشنو کا کہنا ہے کہ یکم دسمبر کے روز وہ آگرہ سے اپنے گاؤں کھریڑا واپس جا رہے تھے کہ ایک پولیس اہلکار نے انہیں روک لیا۔پولیس اہلکار نے جب انہیں200 روپے چالان کی پرچی تھمائی تو وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ انہیں ہیلمٹ نا پہننے پر جرمانہ
کیا گیا تھا۔۔ وشنو کے احتجاج کے باوجود پولیس اہلکار نے کوئی رعایت نہیں کی اور انہیں یہ جرمانہ ادا کرنا پڑا۔اس واقعے نے وشنو کو شدید صدمہ پہنچایا اور اب وہ پولیس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ہیلمٹ پہن کر ویگن چلا رہے ہیں۔ اس انوکھی حرکت کے باعث وہ میڈیا کی توجہ کا مرکز بھی بن گئے ہیں۔ میڈیا میں یہ خبر عام ہوئی تو اس پولیس اہلکار کی تلاش شروع ہوگئی جس نے وشنو کا
چالان کیا تھا۔ بالآخر پتہ چل ہی گیا کہ یہ صاحب ہیڈ کانسٹیبل پر لاد سنگھ ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ انہوں نے ایک ویگن ڈرائیور کو ہیلمٹ نہ پہننے پر جرمانہ کیسے کیا، تو ان کا کہنا تھا ’’ دراصل میں نے سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر جرمانہ کیا تھا لیکن غلطی سے لکھ دیا کہ ہیلمٹ نا پہننے پر جرمانہ کیا گیا ہے۔‘‘