پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر پوری شدت کے ساتھ جاری ہے۔ حکومت کی جانب سے لوگوں کو کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی بار بار اپیل کی جاتی ہے لیکن ان پر عمل بہت کم دیکھنے کو ملتا ہے جس کی وجہ سے کیسز کی تعداد میں آئے روز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کے مطابق اس وقت اسلام آباد میں کورونا کے پانچ ہزار 720 ایکٹو کیسز موجود ہیں۔ مجموعی طور پر اسلام آباد میں 52 ہزار 86 کورونا کیسز اور 548 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ ڈی سی اسلام آباد نے اعداد و شمار شیئر کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے کیسز کی تعداد ہی بتا رہی ہے
کہ ہمیں اپنی نقل و حمل محدود کرنا ہوگی۔ ’ میری آپ سب سے گزارش ہے کہ شادیوں میں جانے سے گریز کریں، اگر ضروری ہو تو صرف ایک بندہ جائے، بنیادی ضروریات کیلئے بھی کوشش کریں کہ گروسری ایپلی کیشنز یا ہوم ڈلیوری سروسز کا استعمال کریں ۔