دُبئی(نیوز ڈیسک ) متحدہ عرب امارات کے وزیر خزانہ اور دُبئی کے نائب حکمران شیخ حمدان بن راشد المکتوم طویل علالت کے بعد گزشتہ روز انتقال کر گئے ہیں۔جس کی وجہ امارات بھر کی فضا سوگوار ہے۔ اماراتی صدر نے مملکت بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، جس دوران سرکاری دفاتر بند رہیں گے جبکہ اماراتی پرچم بھی سرنگوں رہیں گے۔
دوسری جانب دُبئی کے فرمانروا شیخ محمد بن راشد المکتوم نے اپنے بھائی کی وفات پر 10 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔دُبئی میں سوگ کے ان دنوں میں تین روز کے لیے مفت پارکنگ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ دُبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ آج سے لے کر پرسوں تک تین روز کے لیے ریاست بھر میں مفت پارکنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی، کہیں پر بھی فیس ادا نہیں کرنا ہو گی۔
تاہم ملٹی لیول پارکنگ مقامات پر یہ رعایت حاصل نہیں ہو گی۔دُبئی روڈز اتھارٹی کی جانب سے تمام صارفین کو ایپ کے ذریعے نوٹیفکیشن بھجوایا گیا ہے جس کے مطابق ریاست بھر میں آج بروز جمعرات 25 مارچ سے بروز ہفتہ 27 مارچ کی رات تک پارکنگ کی سہولت مفت ہو گی۔ اتوار کے روز سے دوبارہ معمول کے مطابق کار پارکنگ کی فیس ادا کرنا پڑے گی۔ دُبئی کے فرمانروا شیخ محمد بن راشد المکتوم کی جانب سے تین روز کے لیے تمام سرکاری ڈیپارٹمنٹس اور اداروں کی بندش کے اعلان کے سلسلے میں ہی یہ مفت پارکنگ کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ شیخ حمدان بن راشد المکتوم لمبی علالت کے بعد گزشتہ روز خالق حقیقی سے جا ملے ہیں۔ ان کی نماز جنازہ میں صرف قریبی رشتہ داروں نے شرکت کی۔ تاہم مملکت کی تمام مساجد میں نماز مغرب کے بعد ان کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی، جس میں اماراتی اور تارکین وطن کی بڑی گنتی شریک ہوئی۔شیخ حمدان بن راشد کو اماراتی مملکت کے وجود میں آنے کے بعد پہلا وزیر خزانہ 1971ء میں تعینات کیا گیا تھا۔ انہوں نے اپنی وفات تک تقریباً 50 سال یہ ذمہ داریاں بہترین انداز میں نبھائیں جس کی وجہ سے امارات کو ایک خوشحال اور ترقی یافتہ ریاست بننے میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔