اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے بنگلا دیش کے50 ویں یوم آزادی پر اپنی ہم منصب شیخ حسینہ کو مبارکباد پیش کی اور دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی، انہوں نے کہا کہ بنگلا دیش کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں، حسینہ واجد کے دورہ پاکستان سے برادرانہ تعلقات کا نیا باب کھلے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بنگلا دیش کے50 ویں یوم آزادی پر اپنی ہم منصب شیخ حسینہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان اورعوام کی جانب سے بنگلا دیشی عوام کو مبارکباد دیتا ہوں۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان بنگلا دیش کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
یہ تعلقات خطے میں پائیدار امن، سیکیورٹی اور خوشحالی کے فروغ پر قائم ہیں۔بنگلا دیش کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں۔ سمجھتے ہیں دونوں ملکوں کے عوام کی منازل ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے بنگلا دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کو دورہ پاکستان کی دعوت دی اور کہا کہ بنگلا دیشی وزیراعظم کے دورہ پاکستان سے برادرانہ تعلقات کا نیا باب کھلے گا۔