لاہور(ویب ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف کی رہنمااور معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جعلی راجکماری بے نظیر بننے نکلی تھیں پیپلز پارٹی نے بیگم صفدر بنا کر واپس بھیج دیا، سیاست کرنا مریم نواز کے بس کا کام نہیں، وہ صرف اچھی اداکاری کرسکتی ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جعلی راجکماری کی توپو ں کا رخ آج وزیر اعظم کی طرف تھا ،کہا گیا کہ ن لیگ نے شوگر پر کبھی سبسڈی نہیں دی، کنیز اول سے کہنا چاہتی ہوں کہ حقائق کا پتا رکھا کریں،27ارب کی سبسڈی ن لیگ کے دور میں دی گئی ، پی ٹی آئی کے دور میں صرف ڈھائی ارب کی سبسڈی دی گئی، ن لیگ کے دور میں وزیر اعلیٰ نے اپنی ہی شوگر ملز کوسبسڈی دی۔
معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کا اتحاد ٹوٹ چکا ہے ،ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ یہ ادھار کی سیاست زیادہ دیر نہیں چلنی، جس طر ح سے ایک دوسرے کو دھوکا دے کرپی ڈی ایم کی جماعتیں ایک دوسرے کے ہی خلاف سازشیں کررہی تھیں ہمیں پتا تھا کہ یہ ہم حکومت گراتے گراتے خود ہی گر جائیںگی۔استعفے مانگنے والے اب استعفوں کی گردان سے پیچھے ہٹ گئے ہیں، ن لیگ کو سوچنا چاہیے تھا کہ اگر آپ بے نظیر کے قاتلوں کے وکیل کو اپوزیشن لیڈر کا امیدوار بنائیں گے تو پیپلز پارٹی نے تو آپ سے ہاتھ کرنا ہی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اپویشن سے اپیل کرتی ہوں کہ آپ تعمیری سیاست کی طرف آئیں، آگے رمضان کا مہینہ آرہاہے توبہ تائب کریں، آپ نے ہر داﺅ لگا لیاہے مگر عمران خان کا با ل بھی بیکا نہیں کرسکے، آپ کو چاہیے کہ عوام کے فائدے کے کئے جانے والوں کاموں میں حکومت کا ساتھ دیں اور ملکی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ ویلفیئر پنجاب دکھی انسانیت کے لئے مصروف ہے، خواتین کسی بھی گھر کا حسن اور سکون ہوتی ہیں مگر وہ ایڑیاں رگڑتے رگڑتے دارلاما ن پہنچ جاتی ہیں، یہاں پر موجود خواتین گھریلو تشدد کی شکار ہیں،دارلامان ہمارے معاشرے کی صحیح تصویر پیش کررہا ہے ، ہمارے تعلیمی اداروں میں تربیت کا فقدان نظر آرہا ہے، ہمارے معاشرے میں عدم برداشت کا عنصر بڑھ گیا ہے ،پرتشدد رویے کسی سانحہ سے کم نہیں ہوتے ،رویوں میں بہتر تبدیلی سے ہی حقیقی معاشرہ تشکیل پاتا ہے۔