لاہور (ویب ڈیسک ) نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم، نیشنل بینک کی میراتھون ٹرانسمیشن میں وزیراعظم عوام کے سوالات کے جوابات دیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کے تحت گھروں کی تقسیم سے متعلق نیشنل بینک کی جانب سےخصوصی میراتھون ٹرانسمشن کا اہتمام کیا گیا ہے، خصوصی ٹرانسمیشن میں وزیراعظم عمران خان بھی شریک ہونگے۔
سینیٹر فیصل جاوید کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی کہ وزیراعظم بذریعہ فون مختصر وقت کے لئے ٹرانسمیشن میں شرکت کریں گے اور عوام کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جواب بھی دیں گے۔ آج نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کے تحت قرضے کی فراہمی کے لئے نیشنل بینک کی جانب سےخصوصی میراتھون ٹرانسمشن کا اہتمام کیا گیا ہے، ٹرانسمیشن آج شام ساڑھےچار سے چھ بجے تک نشر کی جائےگی، اس میراتھون میں نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کے لئے آسان اقساط پر قرضے لینے سے متعلق سوالات کئے جاسکتے ہیں۔
قومی ٹیلی ویژن سمیت تمام نجی ٹی وی چینلز اس خصوصی میراتھون ٹرانسمیشن کو آن ایئر کرینگے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کرونا میں مبتلا ہیں اس کے باوجود وہ حکومتی امور کو سرانجام دے رہے ہیں، تین روز قبل وزیراعظم نے اپنی میڈیا ٹیم سے مکمل ایس او پیز کے ساتھ ملاقات کی تھی۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے کابینہ میں ایک بار پھر تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کرلیا ، وزیراعظم دوبارہ آفس سنبھالتے ہی کابینہ میں تبدیلیاں کریں گے۔
وزیراعظم کی جانب سے کارکردگی کی بنیاد پر کابینہ میں ردوبدل کیا جائے گا اور بعض وزراکودوبارہ قلمدان سونپے جائیں گے۔ کابینہ میں تبدیلیاں آئندہ ہفتے متوقع ہے، شبلی فراز،فیصل واوڈااورعثمان ڈارکی کابینہ میں واپسی ہوگی جبکہ مشیروں میں ردو بدل پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ میں ایک بارپھرر دوبدل کا امکان ہے، آئندہ چند روز میں کابینہ میں نئے چہرے شامل کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق بیرسٹر علی ظفر، انوار الحق کاکڑ اور فیصل جاوید کو کابینہ میں شامل کرنے پر غور کیا جارہا ہے جبکہ شبلی فراز اور فیصل واؤڈا نے بھی سینیٹربننےکے بعد وفاقی عہدوں کاحلف نہیں اٹھایا۔ رواں ماہ حکومتی ذرائع سے وفاقی کابینہ میں رد و بدل کے امکان کے حوالے سے خبر موصول ہوئی تھی ، جس کا وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق نے بھی اشارہ دیا تھا۔