اسلام آباد(آن لائن )وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے تعلقات ہیں۔ سعودی ولی عہد کا وزیراعظم عمران خان سے رابطہ دونوں ممالک کے درمیان محبت اور اخوت کا اظہار ہے اور اس سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ نجی ٹی وی سے سے گفتگو کرتے ہوئے
انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان ٹیلی فونک رابطے کے دوران گرین سعودی عرب اور گرین مشرق وسطی منصوبے، خطے کی صورتحال اور کورونا سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد نے ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق منصوبے پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان نے انہیں یقین دلایا ہے کہ پاکستان اس منصوبے میں ہر طرح سے سعودی عرب اور عرب ممالک کی معاونت کیلئے تیار ہے۔حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے تعلقات ہیں، سعودی ولی عہد کا وزیراعظم عمران خان سے رابطہ دونوں ممالک کے درمیان محبت اور اخوت کا اظہار ہے اور اس سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ عالم اسلام کے مسائل کا حل اتحاد ہے اور وزیراعظم عمران خان کا وڑن بھی یہی ہے کہ امت مسلمہ متحد ہو تاکہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین سمیت تمام مسائل کو مشترکہ طور پر حل کیا جائے، سعودی عرب کی برصغیر اور پورے خطے میں امن کی کوششیں لائق تحسین ہیں اور پاکستان سعودی عرب کے یمن میں سیاسی حل نکالنے کے اعلان اور خلیجی ممالک کے درمیان مصالحت کا خیرمقدم کرتا ہے۔