اسلام آباد (ویب ڈیسک) حکومت کا کم آمدن والے افراد کے لیے سستے گھر دینے کا منصوبہ۔ تفصیلات کے مطابق سستے گھروں کی قیمت میں 3 لا کھ 30 ہزار روپے کا اضافہ ہو گیا۔ غریب آدمی کو سستا گھر اب 11 لاکھ روپے کی بجائے 14 لاکھ 30 ہزار روپے میں ملے گا ۔پنجاب حکومت ابتدائی
مرحلے میں لاہور سمیت پنجاب کی تحصیلوں میں 10 ہزار یونٹس کی تعمیر کرنے جارہی ہے ۔جس کے لیے لاہور میں رائے ونڈ کے مقام سمیت 33 دیگر تحصیلوں میں گھر تعمیر کیے جائیں گے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ سستے گھروں کی تعمیر کے منصوبے پر پہلے سے طے کردہ لاگت میں تین لاکھ تیس ہزار روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے جس سے اب سستے گھروں کی تعمیر پر ماہانہ قسط بھی 7 ہزار روپے سے 12 ہزار روپے ہو گی ۔لاہور میں رائے ونڈ کے مقام پر سستے گھروں کی تعمیر ہو گی جس کے ایک یونٹ کا سائز تین مرلہ ہو گا ۔ذرائع کا کہنا ہے محکمہ ہاؤسنگ پنجاب نے قیمتوں میں اضافے پر حکومت کو اعتماد میں لے لیا ہے ۔
زرائع کا کہنا ہے کہ قیمت بڑھنے کی اصل وجہ منصوبے میں تعمیراتی معیار اور ڈیزائن میں تبدیلی کے باعث یہ لاگت بڑھی ہے ۔واضح رہے کہ ٹاسک فورس کو متعلقہ اراضی پر گھر یا فلیٹس تعمیر کرنے کے حوالے سے ایک ماہ میں لے آؤٹ پلان تیار کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ابتدائی طور پر جو جگہ فائنل کی گئی ہے ان میں برکی روڈ، مراکہ ملتان روڈ، آشیانہ ہاؤسنگ سکیم اور ایل ڈی اے سٹی شامل ہیں۔اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمودالرشید نے پنجاب ہاؤسنگ ٹاسک فورس کو متعلقہ جگہوں کے پی سی ٹو تیار کرنے کی ہدایات کی،برکی روڈ پر 3 ہزار کنال، ایل ڈی اے سٹی میں 5 سو کنال، آشیانہ میں 172 کنال اراضی کا پی سی ٹو بنے گا، جبکہ مراکہ ملتان روڈ پر محکمہ اوقاف سے لیز پر اراضی طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔