اسلام آباد (این این آئی)و زیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں روزے سے پہلے ورزش کرتا ہوں ۔اتوار کو ٹیلی فون پر شہری کے سوال ’’رمضان میں آپ کسی وقت ورزش کرتے ہیں‘‘کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ رمضان میں ورزش ہمیشہ روزہ کھولنے سے پہلے کرتا ہوں۔انہوںنے کہاکہ ورزش کے بغیر روزہ رکھنا کا مطلب ہے کہ آپ رمضان کو
ضائع کررہے ہیں ،وزیراعظم نے کہاکہ اگرآپ صحیح معنوں میں روزہ رکھیں تو آپ کو رمضان کے بعد بھی دماغی اور جسمانی طاقت ملنی چاہئے۔دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان نے چینی مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔ اتوار کو عوام سے براہ راست گفتگو میں وزیراعظم نے ایک بار پھر چینی مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چینی کی قیمتیں مصنوعی طور پر بڑھائی جاتی ہیں، جس سے لوگوں کا خون چوسہ جاتاہے، مافیاز ذخیرہ اندوزی کرتے ہیں جس سے مہنگائی بڑھتی ہے، ملک میں چینی موجود ہوتی ہے مگر قیمتیں اوپر جانا شروع ہوجاتی ہیں، آپ کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہم ہر وقت اس پر کنٹرول کررہے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انسان کو جتنی بہتر تعلیم دی جائے وہ اتنا اوپر جاتا ہے ۔ اتوار کو ٹیلیفون پر عوام سے براہ راست گفتگو میں تعلیم کے معیار کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ انسان کو جتنی بہتر تعلیم دی جائے وہ اتنا اوپر جاتا ہے۔وزیر اعظم نے کہاکہ عمارتیں بنانے سے تعلیمی اداروں کا قیام نہیں ہوتا، وہاں پڑھانے والے اچھے ہوں تو تعلیم کا معیار بہتر ہوتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اپنے نظرئیے کے مطابق ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا نیا سربراہ لا رہے ہیں اور اس ادارے میں بڑی تبدیلیاں کر رہے ہیں۔