اسلام آباد ( ویب ڈیسک) ملک کی مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے اس موقف کی مکمل تائید و حمایت کی ہے کہ بچے اور بچیوں کے ساتھ ہونے والی غلط کاریوں میں عریانی کا اہم کردار ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ ان جرائم کا سبب بنتی ہے، مذہبی و سیاسی قائدین نے کہا کہ وزیر اعظم نے جن مسائل کی طرف نشاندہی کی ہے وہ بڑے واضح ہیں ۔ اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ جس انداز سے ذرائع ابلاغ میں چیزیں دکھائی جاتی ہیں اور غلط مواد کو فروغ دینے والے جو اعمال ہیں وہ بھی بچوں اور بچیوں کے ساتھ ہونے والے جرائم کا سبب ہیں۔
یہ بات چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، مولانا اسعد زکریا قاسمی ، مولانا محمد شفیع قاسمی ، مولانا نعمان حاشر ، مولانا طاہر عقیل اعوان ، مولانا عزیز اکبر قاسمی ، مولانا شکیل الرحمن قاسمی ، مولانا محمد اسلم صدیقی ، جمعیت علماء اسلام مولانا حامد الحق حقانی ، مولانا سید محمد یوسف شاہ ، متحدہ جمعیت اہلحدیث سید ضیاء اللہ شاہ بخاری ، شیعہ علماء کونسل علامہ عارف واحدی ، قومی یکجہتی کونسل مولانا قاسم قاسمی ، وفاق المساجد و المدارس پاکستان مولانا ایوب صفدر اور دیگر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہی ، جمعۃ المبارک کے اجتماعات کے خطبہ میں وزیر اعظم کے موقف کی تحسین کی جائے گی ،وزیر اعظم کے بیان کے ایک حصے کو تنقید کا نشانہ بنانا قابل مذمت اور قابل افسوس ہے۔