راولپنڈی (نیوز ڈیسک ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور امریکی وزیر خارجہ انٹونی جے بلنکن کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور امریکی وزیر خارجہ انٹونی جے بلنکن کے درمیان ٹیلی فونک رابطے میں باہمی دلچسپی کے
امور پر بات چیت ہوئی۔علاقائی سلامتی کی صورتحال سمیت افغان امن عمل میں تازہ ترین پیش رفت اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان تمام اسٹیک ہولڈرز کے باہمی اتفاق رائے پر مبنی ” افغان زیرقیادت افغانی ملکیت “امن عمل کی ہمیشہ حمایت کرے گا۔امریکی وزیرخارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مستقل کوششوں کو بھی تسلیم کیا ہے۔ دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا وعدہ کیا گیا۔خیال رہے کہ بائیڈن انتظامیہ کا پاکستان کے ساتھ دفتر خارجہ کی سطح پر یہ پہلا رابطہ ہے جو کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے لیے اہم پیش رفت ہے۔